اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے نتائج سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انتخابات بحیثیت مجموعی آزادانہ اور منصفانہ ہوئے ہیں، ہم پاکستان کے معاشی استحکام اور نئی حکومت کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ مواصلات کی بندش صرف دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے تھی، اس اقدام کا کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا۔ ترک میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اقتدار سونپے جانے کا اختیار پارلیمان کا ہے۔ وہاں جو بھی مطلوبہ نمبر پورے کرے گا اقتدار وہی سنبھالے گا۔ انتخابات کیلئے پولنگ کے دن انٹرنیٹ اور مواصلاتی بندش کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سے صرف ایک روز قبل بلوچستان میں دو دہشتگرد حملے ہوئے جس کا مقصد جمہوری عمل کو متاثر کرنا تھا۔ سکیورٹی اداروں کی جانب سے بھی ایسی اطلاعات تھیں کہ یہ سلسلہ صرف دو صوبوں تک ہی محدود نہیں رہے گا، کام عوام کو سکیورٹی فراہم کرنا تھا، ہم اپنے عوام کی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے تھے۔ مواصلاتی بندش کا مقصد دہشتگردوں کو ان کے مذموم مقاصد سے باز رکھنا تھا، اس کا مقصد کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں تھا۔ اس اقدام سے عوام کو پرامن طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا بھرپور موقع میسر آیا اور انہوں نے بلا خوف و خطر آزادانہ ماحول میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ پاکستان کے عوام بہادر اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈالے گئے ووٹوں کی حتمی تعداد کے بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے تاہم لوگوں کی بہت بڑی تعداد ووٹ ڈالنے باہر نکلی ہے، مجھے خوشی ہوگی اگر یہ ٹرن آئوٹ 40 سے 50 فیصد ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتائج سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عام انتخابات بحیثیت مجموعی آزادانہ اور منصفانہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 2002ء کے بعد سیاسی اور جمہوری طور پر جو بھی تبدیلی ہوئی وہ پارلیمان سے ہی ہوئی۔ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد بھی فلور آف دی ہائوس ہوئی، ایسی جمہوری سرگرمی کو کسی مداخلت سے نہیں جوڑا جا سکتا، یہ جمہوری عمل کا حصہ ہے اس پرتنقید درست نہیں۔مزید برآں نجی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ عام انتخابات کے اب تک کے نتائج کے مطابق مخلوط حکومت بنتی نظر آ رہی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو باہمی مذاکرات سے حکومت تشکیل دینی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ حکومت سازی کا عمل جلد مکمل ہو۔
مخلوط حکومت بنتی دکھائی دے رہی ہے، خواہش ہے عمل جلد مکمل ہو: وزیراعظم
Feb 11, 2024