لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن نے انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں سے رابطے کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی میں اسحاق ڈار‘ رانا ثناء اﷲ اور ایاز صادق کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن کی کمیٹی آزاد ارکان سے رابطے کرے گی‘ جنہیں مسلم لیگ ن میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت اور ترغیب دی جائے گی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کو وفاق‘ پنجاب اور بلوچستان میں حکومت کیلئے مشترکہ حکمت عملی کا روڈمیپ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آپ پنجاب میں حکومت بنائیں‘ ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔ پیپلز پارٹی نے مزید تجویز دی کہ پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں حکومت بنانے کے لئے ن لیگ ساتھ دے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ آزاد ارکان سے دونوں جماعتوں کے الگ الگ رابطے پر اتفاق کیا ہے اور یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت سازی پر اتفاق رائے اور مشترکہ اتحاد سے قبل میڈیا پر بیانات نہیں دیئے جائیں گے۔ ادھر نواز شریف کی دعوت پر ایم کیو ایم کا وفد لاہور پہنچ گیا ہے۔ آج اہم ملاقاتیں ہوں گی۔ وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری‘ کنوینئر خالد مقبول صدیقی‘ مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شامل ہیں۔ ن لیگ کے ساتھ ملاقات میں سیاسی حکمت عملی پر بات چیت ہو گی۔ تحریک انصاف نے آزاد ارکان کی شمولیت کیلئے جماعت اسلامی سے رابطہ کر لیا۔ بیرسٹر گوہر نے خیبر پی کے میں جماعت اسلامی کے سیاسی امور کے سربراہ بحرا اﷲ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اپنے ارکان کی جماعت اسلامی میں شمولیت کا اظہار کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنما بحرا اﷲ ایڈووکیٹ نے پارٹی قیادت سے مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا اور کہا ہے کہ اس کے بعد ہی کوئی جواب دیا جا سکتا ہے تاہم دونوں جماعتوں نے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی نے بلوچستان سے صوبائی حلقوں پر کامیاب امیدواروں سے رابطے کر لئے۔ پی پی 41 سے کامیاب آزاد امیدوار ولی محمد‘ پی پی 43 سے پیر لیاقت لہڑی‘ پی پی 51 سے کامیاب عبدالخالق اچکزئی سے بھی پی پی نے رابطہ کیا ہے۔ پی پی بلوچستان سیکرٹری اطلاعات نے کہا ہے کہ تمام آزاد کامیاب امیدواروں کو بلاول بھٹو کا پیغام پہنچایا۔ امیدواروں نے شمولیت سے متعلق مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔
آزاد امیدواروں سے رابطہ، مسلم لیگ ن نے کمیٹی بنا دی، سیاسی جوڑ توڑ جاری
Feb 11, 2024