لاہور(نامہ نگار)اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کیخلاف 13کارروائیوں کے دوران 63کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کر کے11 ملزمان گرفتار کر لئے ہیں۔ترجمان اے این ایف کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر دو کارروائیوں میں مسقط اور دبئی جانے والے دو مسافروں سے 1414 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی ،اسلام آباد ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے 996گرام آئس برآمد ہوئی۔ملتان ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر سے 920 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔راولپنڈی کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 20 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔خار بارڈر خیبر سے دو کاروائیوں میں 21 کلو چرس برآمد کی گئی۔زخہ خیل خیبر سے 11 کلو چرس برآمد ہوئی۔ ترجمان کے مطابق ترکی ٹول پلازہ سوہاوہ کے قریب دو ملزمان سے 8 کلو چرس برآمد ہوئی ،جوہر ٹائون لاہور میں ملزم سے 7کلو چرس برآمد ہوئی۔خرادر کراچی کے قریب دو ملزمان سے 7 کلو چرس برآمد ہوئی۔دالبندین سے 3کلو چرس، 2کلو کرسٹل اور 1کلو ممنوعہ مواد برآمد ہوا،شفیق موڑ کراچی کے قریب دو ملزمان سے 2 کلو آئس اور 300گرام ویڈ برآمد ہوئی۔گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔