لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور امیدوار این اے 124 محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 8 فروری کے دن ملکی تاریخی کی بدترین دھاندلی کی گئی۔ جیتنے والے امیدوار بھی الیکشن کمیشن پر دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ بند،نتائج میں غیر معمولی تاخیر نے صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن ملک میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کروانے میں بری طرح ناکام ہوا ہے۔ جماعت اسلامی ان دھاندلی زدہ نتائج کو مسترد کرتی ہے۔ امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین سمیت عالمی ادارے پاکستان میں ہونیوالے الیکشن کی شفافیت پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ ملک میں ہارس ٹریڈنگ کا عمل شروع ہوگا اور ایک مرتبہ پھر انسانوں کی خرید و فروخت کی جائے گی۔ نتیجے میں بننے والی حکومت کمزور ترین ثابت ہوگی۔ ملک و قوم کو انتشار، سیاسی عدم استحکام اورانارکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ اس وقت پاکستان کو ساز گار حالات کے لئے مستحکم حکومت کی اشدضرورت ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں اللہ اور اس کے رسولؐ کے نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہمارے لوگ اپنے حلقے کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور لوگوں کی بلا تفریق خدمت کرتے رہیں گے۔
الیکشن کمشن غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے میں بری طرح ناکام :جاوید قصوری
Feb 11, 2024