لاہور(خصوصی نامہ نگار)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ قومی انتخابات 2024 میں پاکستان تحریک انصاف کی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی پر عمران خان، مرکزی قائدین، صوبائی و ضلعی رہنماؤں اور کارکنوں کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے خلاف ہونیوالے غیر قانونی ہتھکنڈوں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور ظالمانہ طرزِ عمل کا جس صبر و استقامت اور حوصلے کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آئینی جدوجہد جاری رکھی اس پر جماعت کا ہر کارکن تحسین کا مستحق ہے۔میں سلام پیش کرتا ہوں ان ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو جنہوں نے جرأت مندی اور استقامت کے ساتھ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن حق کی حمایت سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں۔ پوری قوم خود مختار پاکستان کے بیانیہ کی عملی شکل کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ہم سب نے مل کر ایک ایسے مضبوط پاکستان کے خوابوں کی تکمیل کرنی ہے، جس کے ادارے ہر قسم کے استعماری دباؤ سے آزاد ہوں۔ جس کی داخلی خودمختاری، خارجہ پالیسی اس کے اپنے مفادات کے تابع ہو گی نہ کہ کسی بیرونی طاقت کی ڈکٹیشن کا عکاس۔پوری قوم کی ایک ہی اواز ہے کہ ہمیں غلامی قبول نہیں۔ آئیں سب مل کر وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کاعہد کریں اور قدم بڑھا کر اپنی حقیقی منزل کی طرف گامزن ہوں۔