لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ہیڈ آفس کی سنگ بنیاد کی تقریب سبزہ زار سکیم میں ہوئی۔ تقریب میں بانی ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے وائس چیئر مین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، چیف ایگزیکٹیو آفیسر مظفرالحق ہاشمی اور پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذمہ دران بھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر مظفرالحق ہاشمی نے شرکا کو نئی عمارت کی سکیم اور مختلف پورشنز کی انتظامی سکیم سے آگاہ کیا۔سنگ بنیاد کی نقاب کشائی بانی ارکان میں سے جاوید اسلم سابق چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب اور سماجی کارکن نصرت جمیل نے کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہو وائس چیئر مین پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کی آج سے 15 سال قبل شروع ہونیوالا سفر جو محض چند ہزار سکالر شپس سے شروع ہوا تھا آج 5 لاکھ تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکالرشپ سے ہزاروں طلبہ نے میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہے اور اب پاکستان کی سما جی اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس علاوہ سماجی علوم ، کمپیوٹر سائنس اور نیچرل سائنس کے طلبہ اپنے اپنے دائرہ عمل میں ملک کی ترقی کا اہم ستون ہیں۔