پاکستان کا مفاد عوام کے مینڈیٹ کے مکمل احترام ہی میں پوشیدہ ہے، بیرسٹر گوہر خان

 چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ووٹ کی بے حرمتی گوارا نہیں کریں گے، پاکستان کا مفاد عوام کے مینڈیٹ کے مکمل احترام ہی میں پوشیدہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے بانی چیئرمین عمران خان کے "غلامی نامنظور" کے ویژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، عوام نے 8 فروری کو تمام تر مشکلات کے باوجود گھروں سے نکل کر تحریک انصاف کو واضح اور شفاف مینڈیٹ سے نوازا ہے، عوام کے فیصلے کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے کی بجائے پھر سے ریٹرننگ افسران کے ذریعے انکا مینڈیٹ چُرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج کےساتھ غیرقانونی و قابلِ مذمت چھیڑ چھاڑ کرکے جمہوریت پر شب خون مارنے کی ناقابلِ قبول کوشش کی جارہی ہے، ایسی کوئی بھی کوشش ملک کیلئے سود مند ثابت ہوگی نہ ہی عوام اپنے ووٹ کی بے حرمتی گوارا کریں گے، انتخابی نتائج میں ردو بدل کرنے، انہیں غیر قانونی تاخیر کا شکار کرنے اور تحریک انصاف کی واضح جیت کو شکست میں بدلنے والے ریٹرننگ افسران کے خلاف آج بھرپور مگر نہایت منظّم اور پرامن احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان قومی پرچم اور پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈوں کےساتھ پرامن طریقے سے احتجاج میں شامل ہوں، کارکنان عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے پرامن احتجاج کا اپنا بنیادی آئینی، جمہوری اور سیاسی حق استعمال کریں، مرکز، پنجاب اورخیبرپختونخوا میں واضح اکثریت حاصل کرنے کےباعث حکومت سازی تحریک انصاف کا بنیادی دستوری و جمہوری حق ہے، پاکستان کا مفاد عوام کے مینڈیٹ کے مکمل احترام ہی میں پوشیدہ ہےاسے ہر حال میں مقدّم رکھا جائے۔

ای پیپر دی نیشن