کالام اور مدین میں آپریشن مکمل‘358شدت پسند‘ 9اہلکار جاں بحق ہوئے: پاک فوج

Jan 11, 2010

سفیر یاؤ جنگ
سوات/ کرم ایجنسی (ریڈیو نیوز+ نامہ نگار) سوات کے فورس کمانڈر بریگیڈئر زبیر خان نے کہا ہے کہ سوات کے علاقوں کالام اور مدین کو شدت پسندوں سے پاک کر دیا گیا ہے‘ آپریشن کے دوران 358شدت پسند اور 9سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہاکہ کالام اور مدین میں آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ دونوں علاقوں سے 385شدت پسند گرفتار کئے جبکہ 191 نے ہتھیار ڈالے۔ زبیر خان کا کہنا تھا کہ علاقے کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں اور لوگ بلاخوف و خطر زندگی گزار رہے ہیں۔ وسطی کرم ایجنسی کے علاقہ ذی مشت کی پہاڑی چوٹیوں سے اتوار کو نامعلوم ملزموں نے یکے بعد دیگرے تین راکٹ سدہ کینٹ ایریا پر داغے لیکن خوش قسمتی سے غیر آباد علاقے میں گرنے کے نتیجے میں کسی قسم کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ تقریباً پندرہ منٹ بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی شروع کی اور عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی۔ کچھ دیر بعد امریکی جاسوس طیاروں کی پروازیں بھی وسطی کرم کے پہاڑوں پر دکھائی دینے لگیں۔ ثناءنیوز کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 21مشکوک افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔سکیورٹی فورسز نے آپریشن راہ نجات اور آپریشن راہ راست کے دوران جنوبی وزیرستان اور سوات و مالاکنڈ کے مزید علاقوں کو کلیئر کرتے ہوئے سات مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔ 4 عسکریت پسندوں نے خود کو سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا۔
مزیدخبریں