غلام احمد قادیانی کے پڑپوتے احمد بلال کا قبول اسلام‘ اسلام کی فتح ہے : انٹرنیشنل ختم نبوت کانفرنس

Jan 11, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (اے پی پی) انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ نے مرزا غلام احمد قادیانی کے پڑپوتے اور مرزا ناصر کے بیٹے مرزا احمد بلال کے قبول اسلام کو دین اسلام اور پارلیمنٹ کی فتح قرار دیتے ہوئے نو مسلم کو ختم نبوت ایوارڈ 2010ءدینے کا اعلان کیا ہے۔ موومنٹ کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احمد علی سراج نے احمد بلال سے طویل نشست کی اور انہیں مذہب اسلام میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ ابتسام الٰہی ظہیر بھی موجود تھے۔ علماءحرمین شریفین مولانا عبدالحفیظ مکی اور ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ نے مکہ مکرمہ سے ٹیلی فون پر مرزا احمد بلال کو قبول اسلام کی مبارکباد دیتے ہوئے تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر احمد علی سراج نے کہا کہ 1974ءمیں مرزا ناصر نے پارلیمنٹ میں دلائل سے راہ فرار اختیار کی تھی لیکن آج ان کے بیٹے نے اسلام کو گلے سے لگا کر ثابت کر دیا ہے کہ ان کے اجداد غلطی پر تھے۔ انہوں نے کہاکہ مرزا احمد بلال اپنے وطن واپس آ گئے ہیں اور ہم تمام قادیانیوں کو اسلام میں واپسی کی دعوت دیتے ہیں۔ ہمارا مشن ہے کہ مرزا غلام احمد قادیانی نے جن لوگوں کو گمراہ کیا ان کو واپس لائیں گے۔ ڈاکٹر احمد سراج نے مرکزی قائدین کے حکم پر مرزا احمد بلال کو مکہ مکرمہ آنے کی دعوت دی اور کہاکہ انشاءاللہ انہیں امام کعبہ کے ہاتھ سے ختم نبوت ایوارڈ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس نشست میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ نو مسلم کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا اور اسے عبدالرحمان کی بجائے احمد بلال ہی پکارا جائے گا تاکہ قادیانی پراپیگنڈہ اور تردید نہ کر سکیں کہ عبدالرحمان نامی کوئی شخص مرزا قادیانی کا پڑپوتا اور مرزا ناصر کا بیٹا نہیں۔ نو مسلم احمد بلال نے قادیانیت کو فتنہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرزا قادیانی نے لوگوں کو گمراہ کیا۔ میں ختم نبوت کے مبلغ کی حیثیت سے کام کرنے کو تیار ہوں۔ مجھے سات زبانوں پر عبور ہے ان کے ذریعے پاکستان سے لے کر یورپ تک پوری دنیا میں ختم نبوت کا پیغام پہنچا¶ں گا اور قادیانیت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کروں گا۔ انہوں نے انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کی جانب سے لندن میں کام کرنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہاکہ میں ختم نبوت کے موضوع پر ہر سیمینار کانفرنس میں شریک ہو کر دنیا کو حقائق بتا¶ں گا۔ مرزا احمد بلال نے قادیانیوں سے کہا کہ اگر قادیانی سمجھتے ہیں کہ میں مرزا ناصر کا بیٹا نہیں تو وہ مباہلہ کرلیں اور پراپیگنڈہ کے خاتمے کے لئے میں ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کو تیار ہوں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ لقمان انس اور فرید میرے بھائی ہیں ان سے پوچھا جائے کہ مرزا احمد بلال کون ہے؟ احمد بلال نے کہاکہ قادیانیت کے تین ٹی وی چینلز ارتدادی سرگرمیوں میں دن رات مصروف ہیں۔ انہوں نے اسلامی ٹی وی چینل کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا وار کے اس دور میں مقابلے کے لئے وہی ذریعہ اپنانا پڑے گا جس کے ذریعے حملہ ہو رہا ہے۔ ختم نبوت کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لئے ٹی وی چینل ناگزیر ہیں۔ انہوں نے امام کعبہ، شیخ حرم مولانا محمد علی حجازی اور مولانا عبدالحفیظ سے دعا¶ں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرا ارمان ہے کہ فی الفور عمرہ کی سعادت حاصل کروں اور اللہ کے گھر اور خاتم النبینﷺ کے روضہ مبارک پر حاضر ہو کر نئے سرے سے زندگی کا آغاز کروں۔ لہٰذا میرے لئے آزمائش کی اس گھڑی میں استقامت کی دعا کی جائے۔
مزیدخبریں