ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ارسال کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ دوسو اٹھانوے ارکان پارلیمنٹ اورصوبائی اسمبلی کی ڈگریاں مشکوک ہیں لہذا الیکشن کمیشن ان ارکان سے ان کی اسناد کی کاپیاں تصدیق کے لئے دوبارہ طلب کرے۔ جن ارکان کی ڈگریاں مشکوک سمجھتے ہوئے دوبارہ طلب کی گئی ہیں ۔ ان میں تین وزرا قمر زمان کائرہ، شاہ محمود قریشی اور بابراعوان بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسحاق ڈار، وسیم سجاد، چوہدری شجاعت حسین، فیصل صالح حیات اور افراسیاب خٹک جیسے اہم ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریاں بھی مشکوک قرار دی گئی ہیں۔ ایچ ای سی آٹھ سو اٹھارہ ارکان کی ڈگریاں درست قراردے چکا ہے جبکہ ساٹھ ارکان کی ڈگریاں جعلی یا غیرمستند قرارپائی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تحقیقات کے بعد اب تک تیرہ ارکان کے خلاف مقدمات کے لئے متعلقہ ڈی پی اوزکو ہدایات بھی جاری کی ہیں۔