لاہور (سلمان غنی) مسلم لیگ (ن) نے ملک کے اندر کرپشن اور کمیشنوں کے رجحان کے خاتمہ کے لئے کرپشن میں ملوث وزرا اور حکومتی ذمہ داران کی نشاندہی اور نام لینے کی بجائے حکومت کو تجویز دی ہے کہ جن وزرا‘ حکومتی اداروں کے ذمہ داران اور حکام کے خلاف عدالتوں میں کیس زیر سماعت ہیں‘ ان کے خلاف فیصلوں تک انہیں ان کے عہدوں سے علیحدہ کر دیا جائے اور موثر احتسابی عمل کے لئے احتساب کمشن کی تشکیل یقینی بنائی جائے جس پر وزیراعظم نے سنجیدگی سے غور کرنے اور اس پر اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے‘ مسلم لیگ (ن) کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق نوازشریف کی جانب سے اپنے ایجنڈا پر عملدرآمد کے لئے چار رکنی کمیٹی کا قیام حکومت کی کسی بھی مسئلہ میں معاونت یا کسی بھی اقدام کے لئے قانون سازی یا مشاورت کے لئے ہے۔ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شرکا کی جانب سے حکومت پر ایجنڈا پر عملدرآمد کے حوالہ سے تحفظات پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے گیند حکومت کی کورٹ میں پھینکی ہے تاکہ وہ ان ایشوز کے حوالہ سے خود قوم کے سامنے جوابدہ ہو۔ذرائع نے اس امر کی تصدیق بھی کی کہ مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم کو احتساب بل میں پیش آنے والی رکاوٹیں دور کرنے کے لئے بھی کہا اور واضح کیا کہ مستقبل میں کرپشن کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے کہ حکام حکومتی ذمہ داران کو کسی نہ کسی جگہ جوابدہ بنایا جائے۔