شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملہ‘ 6 شدت پسند جاں بحق

میرانشاہ(آن لائن+ بی بی سی) امریکی ڈرون طیاروں نے پاکستان کی شمال مغربی قبائلی پٹی پر شدت پسندوں کے ایک کمپاﺅنڈ اور ایک موٹر سائیکل پر میزائل مارے جس سے 6 شدت پسند جاں بحق ہو گئے۔ یہ بات مقامی سکیورٹی حکام نے کہی۔ ایک ہفتہ میں یہ پانچواں امریکی ڈرون حملہ تھا۔ پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں نے کہا شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرونز نے چار میزائل مارے جن میں سے دو ایک گھر اور دو قریبی علاقہ میں ایک موٹر سائیکل پر مارے گئے جس سے گھر میں چار اور موٹر بائیک پر سوار دو شدت پسند مارے گئے۔ شمالی وزیرستان میں جسے طالبان اور القاعدہ سے منسلک جنگجوﺅں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے،کے صدر مقام میرانشاہ سے 35 کلومیٹر دور میرعلی کے قریب حسوخیل کے علاقے میں یہ حملہ کیا گیا۔ میرانشاہ میں متعین ایک سکیورٹی اہلکار نے بتایا چھ بغیر پائلٹ طیارے حملہ کے وقت فضا میں موجود تھے۔ اہلکار نے مرنیوالوں کی تعداد 6 بتاتے ہوئے مزید کہا کمپاﺅنڈ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور لاشیں بری طرح مسخ ہوگئیں۔ایک مقامی شخص نے بتایا کہ شدت پسندوں کو جلی ہوئی لاشیں اکٹھے کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ پشاور میں بھی ایک اعلیٰ پاکستانی سکیورٹی اہلکار نے حملے کی تصدیق کی اور کہا مارے جانیوالوں کی شناخت کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ بی بی سی نے شمالی وزیرستان کی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا موٹر سائیکل سوار دونوں افراد غیرملکی شدت پسند تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن