اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے طاہر القادری نے جلسے کے لئے کوئی این او سی لینے کی درخواست نہیں دی، طاہر القادری کو این او سی نہ لینے پر اسلام آباد داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر اجازت دی گئی تو اسلام آباد کے رہائشی علاقے سے الگ دی جائے گی، طاہر القادری عالم دین ہیں اپنے آپ کو خودکشی کرنے سے باز رکھیں ان کی جان کو شدید خطرہ ہے، 14 جنوری کو لانگ مارچ کے دوران کوئی دہشت گردی، قتل ہوا یا لوٹ مار ہوئی تو اس کا مقدمہ طاہر القادری، تحریک منہاج القرآن کی انتظامیہ اور آرگنائزر کے خلاف درج کیا جائےگا۔ این او سی کی درخواست دینگے تو مناسب انتظام کرینگے، ہیلی کاپٹر بھی فراہم کر سکتے ہیں، طاہرالقادری قوم کو بتائیں ان کے پاس اتنے فنڈز کہاں سے آئے، فالتو فنڈز ہیں تو یتیموں پر خرچ کریں یا توانائی بحران کے حل کےلئے مدد دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بلیو ایریا میں کسی بھی قسم کے جلسہ کی اجازت نہیں دی جائےگی اس لئے طاہر القادری اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور ڈی چوک میں جلسہ منعقد نہ کریں۔ ہم ان کی جان کی حفاظت کرینگے کیونکہ پنجاب میں کوئی مسئلہ ہو گیا تو الزام پنجاب حکومت پر آئے گا اور اگر وفاقی دارالحکومت کی حدود میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کا الزام وفاقی حکومت کے سر آئے گا جو ہم نہیں لینا چاہتے۔ علامہ طاہر القادری اپنے جائز مطالبات آئین کے اندر رہتے ہوئے بتائیں وہ ضرور پورے کرینگے۔ موبائل فون کی بندش کا فیصلہ وقت آنے پر کرینگے۔ رحمن ملک نے کہا لانگ مارچ کے لئے گھر گھر سے بھتہ وصول کیا جا رہا ہے، بھتہ لینے والوں کو گرفتار کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ این این آئی کے مطابق طاہر القادری کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد اسلام آباد انتظامیہ نے سکینرز ہٹا کر محفوظ مقام پر منتقل کر دئیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق انہیں پانچ سو کے قریب کنٹینروں کو روکنے کا کہا گیا ہے جن میں سے زیادہ تر ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو کے سامنے رکھے جائیں گے۔ آن لائن کے مطابق لانگ مارچ کے موقع پر انتہائی حساس عمارات والے علاقے ریڈزون کو بچانا سکیورٹی اداروں کی اولین ترجیح بن گیا ہے اور اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے یہاں کسی پرندے کو پر مارنے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی، ریڈ زون کو چاروں طرف سے سیل کرنے کا عمل مسلسل جاری ہے اور جمعرات کو ڈی چوک سمیت ریڈ زون کی طرف جانےو الے دیگر راستوں پر مزید کنٹینرز رکھ دئیے گئے ہیں اور ریڈ زون کی ہر طرح سے سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے مزید کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے وزیر داخلہ رحمن ملک کے بیانات گمراہ کن، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، انہیں وزیر داخلہ کی بجائے وزیر ڈس انفارمیشن میں ہونا چاہئے، وزیر داخلہ کو لانگ مارچ کا علم نہیں تھا تو وہ ڈاکٹر طاہر القادری کے گھر کیوں آئے تھے؟ ہم نے 23 دسمبر کے جلسے کے فوراً بعد 14 جنوری کے لانگ مارچ کے حوالے سے کمشنر اسلام آباد کو مطلع کر دیا تھا جبکہ گذشتہ دنوں منہاج القرآن اسلام آباد کی ٹیم نے کمشنر اسلام آباد سے باقاعدہ ملاقات کر کے لانگ مارچ کے حوالے سے سکیورٹی سمیت تمام معاملات و انتظامات پر ان سے گفتگو کی تھی۔ انہوں نے کہا پٹواری سے ڈی سی او اور کمشنر تک تمام سرکاری مشینری لانگ مارچ کو روکنے پر لگا دی گئی ہے۔ سرکاری اہلکاروں کو بس اڈوں پر تعینات کر کے ٹرانسپورٹرز کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، کارکنان کو ہراساں کرنا کہاں کی جمہوریت ہے۔
لانگ مارچ بغیر این او سی اسلام آباد نہیں آنے دیں گے : رحمن ملک ۔۔۔ کمشنر کو آگاہ کر چکے : تحریک منہاج القرآن
Jan 11, 2013