لانگ مارچ کے شرکاءکو دہشت گردی کا خطرہ ہے، پنجاب حکومت کا طاہر القادری کے خط کا جواب

لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب حکومت نے ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کو لکھے گئے خط کا جواب دے دیا ہے جس میں لانگ مارچ کے دوران ڈاکٹر طاہرالقادری کی سکیورٹی اور احتیاطی تدابیر کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اپنے خط میں ہوم سیکرٹری نے ڈاکٹر طاہر القادری کو لانگ مارچ کے دوران پائے جانے والے دہشت گردی کے شدید خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں ڈاکٹر طاہر القادری کو ذاتی خطرے کے علاوہ لانگ مارچ کے شرکاءکو بھی دہشت گردی کے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ اپنے سرکاری خط میں ہوم سیکرٹری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اپنے 280 کلومیٹر طویل روٹ کے دوران پرہجوم شہروں اور قصبوں سے گزرے گا جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر لانگ مارچ دہشت گردوں کے لئے سافٹ ٹارگٹ کے طور پر سامنے آسکتا ہے۔ دہشت گرد اور ایسے عناصر جو آنے والے انتخابات کو ملتوی کرانا چاہتے ہیں ، لانگ مارچ کو سبوتاژ کرنے کی ممکنہ کوشش کرسکتے ہیں۔ خط میں ہوم سیکرٹری نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ لانگ مارچ کے منتظمین کے مکمل تعاون کے بغیر ہزاروں کی تعداد میں شریک افراد کو فول پروف سکیورٹی نہ صرف مشکل بلکہ نا ممکن بھی ہو گا۔ ہوم سیکرٹری نے ڈاکٹر طاہر القادری سے درخواست کی ہے کہ لانگ مارچ کے منتظمین کو ہر سطح ، مقام اور روٹ کے سلسلے میں مقامی ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر آگاہ کرنا چاہیے تاکہ اس ضمن میں ضروری انتظامات ، سکیورٹی کلیرنس ، سرچ اور سویپنگ ، پولیس کی تعیناتی اور جنرل پبلک کی سہولت کے لئے متبادل ٹریفک کے انتظامات کئے جا سکیں۔

ای پیپر دی نیشن