ایف بی آر بجٹ خسارہ میں کمی کے لئے اقدامات کرے: آئی ایم ایف

Jan 11, 2013

اسلام آباد (این این آئی) عالمی مالیاتی فنڈ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بجٹ خسارے میں کمی کےلئے 360 ارب روپے کے اضافی محاصل کی وصولی کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں مذاکرات میں آئی ایم ایف حکام نے پاکستان کے بڑھتے بجٹ خسارے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایف بی آر کو فوری طور پر ٹیکس وصولی میں اضافے کی ہدایت کی ہے، آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ تین سو ساٹھ ارب روپے ٹیکس وصولی سے بجٹ خسارے میں جی ڈی پی کے ڈیڑھ فیصد کمی ہوگی، ایف بی آر کے چیئرمین علی ارشد حکیم نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ پارلیمنٹ سے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی منظوری کے بعد جی ڈی پی میں ٹیکسوں کے تناسب میں اعشاریہ پانچ سے اعشاریہ سات فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ قبل ازیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو رواں سال مختلف وجوہات اور مسائل کی بنا پر محصولات کا ہدف حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ درآمدات و برآمدات میں کمی، حکومت کی طرف سے فنانس ایکس 2012ءکی منظوری، آٹھ اشیاءپر ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے، بجلی اور گیس کے بحران کی وجہ سے صنعتی پیداوار میں کمی ہدف کے حصول میں رکاوٹ ہیں۔

مزیدخبریں