کراچی + لاہور (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ طاہر القادری کا لانگ مارچ حکومت اور میاں نواز شریف کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ لانگ مارچ ہمارے ماحول اور ظلم و زیادتی کے خلاف ہے ۔ملک میں ظلم و زیادتی کے خلاف جو آواز بلند کرے گا یا لانگ مارچ کرے گا ق لیگ اس کی حمایت کرے گی۔ کراچی ائرپورٹ پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات ضرور اور وقت پر ہونے چاہئیں۔ ملک کو اس وقت کسی دوسرے کام کی نہیں بلکہ انتخابات کی ضرورت ہے۔ میں صدر سے ملاقات کے لئے آیا ہوں اگر صدر مجھ سے کوئی مشورہ مانگےں گے تو میں انہیں ضرور مفید مشورہ دونگا۔ انہوں نے کہا کہ صدر سے میری ملاقات کے اچھے نتائج نکلیں گے۔ نگراں وزیراعظم کے سوال پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے حوالے سے ابھی کوئی نام فائنل نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کوئی نام سامنے آیا ہے لیکن میری رائے ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین سے میرے اچھے تعلقات ہیں اگر وہ پاکستان آئیں گے میں ان کو خوش آمدید کہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست کا پہیہ رواں دواں رہنا چاہئے اور جلد سیاست درست سمت میں آجائے گی۔ چودھری شجاعت نے قبل ازیں شجاعت حسین نے بلوچستان سے آئے ہوئے ق لیگ کے عہدےداروں کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر ظہرانہ دیا۔ شجاعت حسین نے عہدےداروں سے بات چیت میں کہا کہ ہم نے ہیمشہ اصولوں کی سیاست کی ہے تعصب سے پاک ہماری جماعت ہے ہم نے پیپلز پارٹی سے اتحاد اس لئے کیا تھا کہ ہم جمہوریت کو ختم نہیں کرنا چاہتے تھے بلکہ کافی عرصے کے بعد ملک میں ایک جمہوریت آئی ہے اور ہم چاہتے تھے کہ یہ حکومت مدت پوری کریں جو مدت پوری کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ بلوچستان میں جو قوم پرست ناراض ہیں ان سے ہم بات چیت کرنے کے لئے تیار ہیں کیونکہ ہم نے ہمیشہ اس بات کی اہمیت دی ہے کہ بات چیت کے ذریعے جو مسئلے حل کئے جائیں وہ بہتر ہوتے ہیں۔