لاہور(خصوصی رپورٹر) لاہور کالج فارو ومن یونیورسٹی میں ہونہار طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طالبہ سحرش رانی نے شہبازشریف کو تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ طالبہ نے کہاکہ تعلیمی فنڈ سے غریب طلبا و طالبات کو وسائل کی فراہمی دانش سکول سسٹم اور لیپ ٹاپ کی تقسیم شہبازشریف کی انتھک کاوشوں کا ثمر ہے۔ وزیراعلی نے پسماندہ علاقوں کی خاک آلود گلیوں کے بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھول کر شاندار کارنامہ سرانجام دیاہے۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر صبیحہ منصور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم یونیورسٹی میں خادم اعلی محمد شہبازشریف اور مسلم لیگی رہنما مریم نواز کو سورج کی خوشگوار کرنوں میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے، وراثت میں حق دلانے ، تعلیمی اداروں میں ڈے کیئر سنٹر کے قیام کے لئے پنجاب حکومت کے اقدامات لائق تحسین ہےں۔