واشنگٹن، نئی دہلی (اے ایف پی + نوائے وقت رپورٹ) امریکہ میں فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد بھارتی سفارتکار دیویانی کو سفارتی استثنیٰ دے کر واپس نئی دہلی بھیج دیا گیا جبکہ اس پر بھارت نے جوابی اقدام کرتے ہوئے ایک امریکی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا۔ امریکہ نے بھی اس بات کی تصدیق کردی۔ وائٹ ہائوس نے کہا ہے کہ یہ افسوسناک بات ہے تاہم اب یہ سلسلہ بند ہو جانا چاہئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں گرینڈ جیوری نے ملازمہ سے ناروا سلوک اور ویزا فراڈ پر دیویانی پر فرد جرم عائد کی۔ ایک امریکی عہدے دار نے بتایا کہ دیویانی کو سفارتی استثنیٰ کے بعد امریکہ چھوڑنے کی درخواست کی گئی تھی جس کی تصدیق نئی دہلی میں بھارتی دفتر خارجہ نے بھی کی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق بھارتی حکومت نے دیویانی کے تنازعہ پر نیا جوابی اقدام کرتے ہوئے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ نئی دہلی سے اپنا ایک سفارتکار واپس بلائے، اس امریکی سفارتکار کا عہدہ دیویانی کھوبراگڑے کے برابر ہے۔ اے پی پی کے مطابق سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ اس امریکی سفارتکار کے بارے میں شبہ ہے کہ اس نے دیویانی کی ملازمہ کے خاندان کی امریکہ منتقلی میں مدد کی تھی۔ ایک بھارتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہی امریکی سفارتکار ملازمہ کے اہل خانہ کو امریکہ پہنچانے کی کارروائی میں ملوث ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی سفارتکار کی واپسی کے مطالبے پر امریکہ اور بھارت کے درمیان اس تنازعہ میں مزید شدت پیدا ہو سکتی ہے۔ دیویانی گزشتہ روز نئی دہلی پہنچ گئی تھیں۔ بی بی سی کے مطابق دیویانی کھوبرا گڑے نے بھارت روانگی سے قبل کہا تھا کہ وہ بے گناہ ہیں اور وہ یہ سچ سب کو بتانا چاہتی ہیں۔ دیویانی کھوبرا گڑے بھارت لوٹ آئی ہیں۔ تاہم ان کے شوہر اور بچے ابھی امریکہ ہی میں ہیں۔ امریکی انتظامیہ کے اہلکار کے مطابق چونکہ دیویانی کے شوہر امریکی شہری ہیں اس لئے یہ معاملہ ابھی پوری طرح سے ختم ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ رائٹرز کے مطابق دیویانی پر فرد جرم عائد ہوجانے کی وجہ سے اب وہ سفارتکار کے طور پر اپنا کیریئر جاری نہیں رکھ سکتیں۔ تاہم بھارت کی تمام سیاسی جماعتیں دیویانی کو اس سارے تنازع کا ہیرو قرار دے رہی ہیں اور انہیں آئندہ مئی میں ہونے والے عام انتخابات میں اپنی پارٹی کی طرف سے الیکشن لڑانے کی تیاری کررہی ہیں۔ تاہم وزارت داخلہ بھارت کا کہنا ہے کہ انہیں دہلی میں ذمہ داری دی جائے گی۔