اسلام آباد (وقائع نگار+ ایجنسیاں) سینٹ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم اور ہنگو میں سکول کے اندر خودکش حملہ ناکام بناتے ہوئے جان قربان کرنیوالے طالبعلم اعتزاز حسین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد پی پی کے سنیٹر سعید غنی نے پیش کی تھی جبکہ متحدہ، اے این پی نے کراچی میں سیاسی کارکنوں اور پولیس پر دہشت گرد حملوں کے خلاف احتجاجاً واک آئوٹ کیا۔ چودھری محمداسلم کو اعلیٰ سرکاری اعزاز دینے کا مطالبہ کیاگیا۔ ایوان میں فوج، پولیس اور شہریوں پر دہشتگروں کے حملوں میں جاں بحق افراد چودھری اسلم اور ان کے ساتھی اہلکاروں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ سینیٹر شاہی سید نے کہاکہ کراچی میں دہشتگردوں کے ٹھکانے بڑھ رہے ہیں۔ پولیس تھانوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے کسی قومیت پر نہیں بلکہ وردی پر حملے ہورہے ہیں۔ کراچی میں پولیس کے 171 افسران وجوان عوامی نیشنل پارٹی کے 59 کارکنوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کراچی میں فوجی آپریشن کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے پانچ پانچ برس کے معاہدے کر رکھے ہیں وفاق صوبے پر صوبہ وفاق پر ذمہ داری ڈالتا ہے۔ سینیٹر ایم حمزہ نے چوہدری محمد اسلم کو اعلیٰ سرکاری اعزاز دینے کا مطالبہ کیا۔ سنیٹر راجہ ظفرالحق نے دہشتگردی کے واقعات میں فوج ، پولیس پر حملوں کی مذمت کی۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف اے این پی نے سینٹ میں تحریک التوا جمع کرا دی۔ تحریک التواء میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت کو پابند کیا جائے کہ وہ گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرے۔ ایوان میں فوجداری قوانین ترمیمی آرڈیننس پیش کر دیا گیا۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے مطالبہ کیا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 میں ترمیم کی جائے۔ چیئرمین سینٹ سینیٹر نیئر حسین بخاری نے وقفہ سوالات کے دوران نامکمل جوابات پر وزیرمملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کی سخت سرزنش کی۔ چیئرمین سینٹ نے انتباہ کیا ہے کہ وفاقی سیکرٹریز کے خلاف کارروائی کی رولنگ جاری کرنا پڑے گی۔ انہوں نے نامکمل سوالات کا معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا اور کہا کہ وزراء اور وفاقی سیکرٹریز کو طلب کیا جائے گا۔ سنیٹر طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ چوہدری اسلم باہمت اور دلیر پولیس آفیسر تھے، جرائم پیشہ عناصر بڑھ رہے ہیں، طالبان نے کراچی میں اپنی عدالتیںقائم کر لی ہیں، حکومتی آپریشن کی کوئی سمت نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ کراچی کو ایسے عناصر سے پاک کرنے کے لئے موثر کارروائی کی جائے۔ ایوان بالا کو بتایا گیا کہ آڈیٹر جنرل سمیت پاکستان کی مختلف وزارتوں میں 42 دوہری شہریت کے حامل افسران خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ کے پی کے اور گلگت میں کوئی بھی دوہری شہریت کا حامل افسر نہیں۔ پاکستان میں یوٹیوب کی بندش کا معاملہ انٹر منسٹریل کمیٹی برائے ویب ویب سائیٹ کے سپرد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ بیرون ملک قائم غیرضروری سفارتی مشنز کو بند کیا جا رہا ہے تاکہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کم ترین اجرت پر کام کرنے والے 1870 ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا رہا۔ چیئرمین سینٹ نے دوہری شہریت کے حامل افسران کی درست تفصیلات ایوان کو پیش نہ کرنے پر معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ ایوان کو بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی سرکاری ملازم بین الاقوامی پروگراموں میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے دوران عالمی اداروں سے قرضہ نہیں لے سکتا۔ یہی قانون ان ملازمین کے اہلخانہ پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب اس معاملے پر جب ارکان کو مطمئن نہ کر سکے تو انہوں نے چیئرمین سینٹ سے استدعا کی کہ وہ یہ سوال موخر کر دیں، میں اس کا جواب دوبارہ دوں گا۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب نے بتایا کہ اسلام آباد میں فارم ہائوسز کیلئے جگہ دی گئی لیکن اب وہاں بڑے بڑے گھر بن چکے ہیں، اس معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنائی جا سکتی ہے۔ گزشتہ چار سال کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے کوئی سالانہ رپورٹ مرتب نہیں کی۔ پی آئی اے نے پچھلے دو ماہ کے دوران چار طیارے لیز پر لئے ہیں، کوئی نیا طیارہ نہیں خریدا گیا بلکہ ترکی اور جمہوریہ چیک سے دو، دو طیارے لیز پر حاصل کئے گئے ہیں۔ بڑے طیاروں کا ایندھن کا خرچ زیادہ تھا اس لئے چھوٹے طیارے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سنیٹر رحمن ملک نے مطالبہ کیا کہ حکومت جلد میڈیا ہائوسز کو اشتہارات کے واجبات ادا کرے۔ وزیر پارلیمانی امور نے سینٹ کو بتایا کہ پشاور میں ہندو سکول استانی سپنا رانی کے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے سی سی پی او پشاور نے پنجاب پولیس کو درخواست دیدی ہے، میڈیکل رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئینگے۔ آئین میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے، حکومت تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت یقینی بنائے گی۔
سینٹ : چودھری اسلم ‘ ہنگو کے طالب علم کو خراج عقیدت کی متفقہ قرارداد ‘ متحدہ اے این پی کا کراچی کی صورتحال پر علامتی بائیکاٹ
Jan 11, 2014