چودھری اسلم سپرد خاک ‘ قتل میں ملوث شخص کی نشاندہی ہو گئی : نثار

Jan 11, 2014

کراچی (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر) بم حملے میں جاں بحق ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم اور دیگر 2 اہلکاروں کی نماز جنازہ حسن سکوائر پولیس ہیڈکوارٹر میں ادا کر دی گئی۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ بعدازاں چودھری اسلم کو گزری قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ تدفین کے وقت قبرستان میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیدیا گیا تھا۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز سندھ، سیاسی رہنمائوں اور دیگر نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہداء کو سلامی پیش کی گئی۔ کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے پھول پیش کئے۔ دوسری جانب ایک بیان میں وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے چودھری اسلم کے قتل میں ملوث شخص کی نشاندہی ہوچکی ہے، ملزم اور اس کے خاندان کے بیک گرائونڈ  تک پہنچ چکے ہیں، جلد مزید کارروائی ہو گی۔ وفاقی حکومت کے ماتحت  انٹیلی جنس  اداروں نے کراچی بم دھماکے کے حوالے سے تیزی سے پیش رفت کی ہے، تمام کوائف سندھ پولیس کو منتقل کئے جا رہے ہیں۔ حکومت دہشت گردی، بے امنی اور لاقانونیت میں ملوث عناصر کا پیچھا کرتی رہے گی۔گزری قبرستان میں سابق صدر آصف زرداری بھی پہنچے  اور چودھری اسلم کا آخری دیدار کیا۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ پولیس افسروں اور اہلکاروں نے نعرہ تکبیر بلند کئے۔ 

مزیدخبریں