مقبوضہ کشمیر : جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک‘3 زخمی ‘ فورسز کا خواتین ‘ بچوں پر وحشیانہ تشدد

سرینگر  (اے این این) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں بھارتی فورسز کا ایک اہلکار ہلاک 3 زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوج کی علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی،چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال،خواتین کے ساتھ بدتمیزی، ناکے لگا کر شہریوں کی تلاشی کا سلسلہ جاری، عوام کا جینا محال ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے قصبے سو پور میں مجاہدین نے بھارتی پولیس کی گشتی ٹیم پر دھاوا بول دیا اور دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کفیل احمد نامی افسر موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے 3 ساتھی زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد  فوج اور پیراملٹری فورس‘ سی آر پی ایف‘ جموں و کشمیر پولیس نے چنگی پورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کے بڑے حصے کو اپنے محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی شروع کی۔ اس دوران بھارتی اہلکاروں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ ذرائع کے  مطابق پولیس و فورسز کی جانب سے سوپور قصبے کے بیشتر علاقوں میں نجی اور مسافر بردار گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ راہگیروں کے شناختی کارڈ چیک کئے جارہے ہیں اور جامہ تلاشی لی جا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن