وزیراعظم کی ہدایت کے باوجود جان بچانے والی ادویات مہنگی ‘11 سبزیوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ

لاہور (نیوز رپورٹر+ کامرس رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب اور ڈرگ انسپکٹرز کی عدم توجہ سے صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کمپنیوں نے کئی گنا اضافہ کر دیا جبکہ بعض ادویات کی مصنوعی قلت بھی پیدا کردی۔ وزیراعظم نے ہدایات جاری کی تھیں کہ جان بچانے والی ادویات سمیت دیگر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے مگر مافیا نے قیمتوں میں ازخود اضافہ کردیا۔ 10 کیپسول اور گولیوں والے سٹرپس (پتے) کی قیمت میں 25 روپے سے 110 روپے تک کا اضافہ کیا گیا جبکہ انجکشن کی قیمتوں میں 70 روپے سے 180 روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں سمیت نیشنل کمپنیوں نے بھی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ میڈیکل سٹورز پہ بعض ادویات نایاب ہیں جس میں دل، جگر اور شوگر کے امراض کو کنٹرول والی ادویات شامل ہیں۔ شہریوں نے وزیراعظم سے ایسی صورتحال کا نوٹس لینے اور متعلقہ اداروں کا قبلہ درست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کامرس رپورٹر کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز پرچون سطح پر 11 سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک کلو ادرک تھائی لینڈ کی قیمت 4 روپے اضافے سے 210 روپے، بینگن 5 روپے اضافے سے 33 روپے، پالک دیسی ایک روپے اضافے سے 22 روپے، کھیرا فارمی 10 روپے اضافے سے 86 روپے، مونگرے 6 روپے اضافے سے 64 روپے، پھول گوبھی ایک روپے اضافے سے 14 روپے، کریلے 2 روپے اضافے سے 100 روپے، مٹر ایک روپے اضافے سے 48 روپے، شملہ مرچ 5 روپے اضافے سے 70 روپے، مولی 2 روپے اضافے سے 12 روپے اور اروی کی قیمت 6 روپے اضافے سے 60 روپے ہوگئی۔ علاوہ ازیں سردی بڑھتے ہی پولٹری مافیا نے ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 7 روپے اضافہ کردیا جس سے لاہور میں ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 235 روپے سے بڑھ کر 242 روپے ہوگئی ہے۔ ادھر حکومت کے فرٹیلائزر کمپنیوں کیساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد یوریا کھاد کی قیمت میں فی بوری 114 روپے کمی کر دی گئی۔ یوریا کی قیمت فوری طور پر 1900 روپے سے کم کرکے 1786 روپے فی بوری کر دی گئی۔ اس حوالہ سے حکومتی اور فرٹیلائزر کمپنیوں  کے نمائندوں کے درمیان ایک اجلاس جمعہ کو وزارت خزانہ میں ہوا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار حکومتی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...