لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور سعد یہ سہیل نے پاکستان میں بلیک واٹر طرز کے برطانوی ادارے ’’ٹارچ لائٹ‘‘ کی پاکستان میں موجودگی پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروا دی۔ تحر یک التواء کار میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں کام کرنے والی جدید فرانزک سائنس ایجنسی میں برطانوی خفیہ ایجنسی نے وزارت داخلہ کی ایک اہم شخصیت کے ذریعے ٹارچ لائٹ سے وابستہ رچرڈ تھامس کو بطور کنسلٹنٹ تعینات کرا دیا ہے۔ جدید لیبارٹری کے پاس پاکستان کی جیلوں سے قیدیوں اور ملزموںکا ریکارڈ اور مختلف شواہد آتے ہیں جن کے ذریعے ان ملزموں کی نفسیات معلوم کر کے اسے تحریر کرنا ممکن ہوتا ہے۔ اسکے علاوہ ڈی این اے ٹیسٹ سے متعلقہ افراد کی شخصیت کا مکمل احاطہ ہو جاتا ہے چنانچہ رچرڈ تھامس فرانزک سائنس ایجنسی کے حساس ریکارڈ کے حصول کی بھی کئی بار کوشش کر چکا ہے کیونکہ ایسے ریکارڈکی بنیاد پر ٹارچ لائٹ بہتر انداز میں منصوبہ بندی کر سکتی ہے۔