لاہور (سپورٹس رپورٹر) ’’کوئی مجھ سا ہو تو سامنے آئے‘‘ پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء کے زیر اہتمام ہیلدی بے بی کے مقابلے جاری ہیں۔ تاہم گذشتہ دنوں لاہور میں ہونے والے مقابلوں میں عیان صدیقی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ تین سالہ عیان صدیقی کا وزن 37 کلوگرام ہے۔ عیان صدیقی اپنی ماں کے ہمراہ محفل میں بسکٹ کھاتا اور ڈھول کی تھاپ پر ماں کی انگلی پکڑ کر بھنگڑا ڈالتا رہا۔ بچے کی ماں عیان صدیقی کے ساتھ محفل میں فخر محسوس کر رہی تھی۔ عیان صدیقی کو پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء میں صحت مند بچوں کے گنیز ورلڈ ریکارڈ ٹیم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ عیان صدیقی کی والدہ صدف کا کہنا ہے کہ چلڈرن ہسپتال سے بچے کے تمام ٹیسٹ کرائے ہیں جس کے مطابق وہ مکمل فٹ ہے اور 12 سال کی عمر میں مکمل ایکٹو بچوں میں شامل ہو جائے گا۔ ڈاکٹر نزہت کا کہنا ہے کہ عیان صحت مند بچہ نہیں بلکہ وہ اوور ویٹڈ ہے۔