لاہور ( خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر نے جے یو پی کے مختلف دھڑوں کو متحد کرنے کے لئے اپنے رابطوں کا آغاز کر دیا۔ جے یو پی سواد اعظم اور متحدہ جے یو پی نے اتحاد کے لئے گرین سگنل دیدیا جبکہ جے یو پی نیازی نے ایسی کسی بھی کوشش کو بے سود قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ڈاکٹر زبیر کو جہاں پارٹی کے اندر بھرپور مخالفت کا سامنا ہے وہیں دھڑوں میں اتحاد کے حوالے سے کوششوں میں انہیں رکاوٹ درپیش ہے۔ جے یو پی کے دو دھڑوں کے سربراہان پیر محفوظ شاہ مشہدی اور مولانا غلام شبیر قادری نے اتحاد کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر زبیر کی قیادت میں کام کرنے کا عندیہ بھی دیدیا ہے۔ پیر مشہدی اور غلام شبیر قادری نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اہلسنت مکتب فکر کے وسیع تر مفاد میں کسی بھی باصلاحیت شخصیت کی قیادت میں کام کرنے کو تیار ہیں اور ڈاکٹر زبیر میں قیادت کی صلاحیت موجود ہے۔ جے یو پی نیازی کے سیکرٹری ڈاکٹر امجد چشتی نے اس حوالے سے کہا یہ لوگ ہمارے آزمائے ہوئے ہیں ہم اپنی جماعت کسی کی جھولی میں کیوں ڈالیں۔