ہنگو: غیرقانونی مقیم افراد کیخلاف آپریشن، 21 افغانیوں سمیت 42 گرفتار، اسلحہ برآمد

Jan 11, 2015

ہنگو(آن لائن)ہنگو میں افغانیوں کے خلاف سرچ آپریشن میں 21 افغانیوں، 4اشتہاریوں سمیت42افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی پی او ہنگو کی خصوصی ہدایات پر غیر رجسٹرڈ شدہ افغانیوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف زبردست مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 21افغانیوں اور 4 اشتہاریوں سمیت 42 افراد کو گرفتار کرلیاگیا اور بھاری اسلحہ بھی برآمد کرلیاگیا ہے، ڈی پی او ہنگو انور سعید کنڈی اور ایس ایچ او خان اللہ خان کے مطابق ضلع بھر میں مدرسوں اور سکولوں میں غیر قانونی طور پر تعینات افغان اساتذہ کو ہٹا دیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سیکورٹی کے انتظامات کو مزید سخت بنا دئیے گئے ہیں اور شہر کے تمام سکولوں اور کالجوں کی سخت نگرانی کی جارہی ہے جبکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف مزید چھاپے مارے جائیں گے۔علاوہ ازیں کوہاٹ سے آئی این پی کے مطابق کوہاٹ پولیس کا سانحہ پشاور کے بعد آپریشن جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید 12مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد سے بھاری اسلحہ بھی برآمدکر لیا گیا۔ ہفتہ کو پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں کارروائی کرتے 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار افراد سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے، تمام گرفتار افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

مزیدخبریں