اسلام آباد ( محمد فہیم انور سے) جوبلی انشورنس جونیئر انڈر21-سنوکر چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کے باعث قومی جونیئر ٹیم کیلئے منتخب ہونے والے ساہیوال کے محمد فہیم اور راولپنڈی کے عبدالرحیم نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں یہ کھیل انتہائی مقبول ہے۔ محمد یوسف، محمد آصف اور سجاد احمد کی طرح ہم بھی اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔ فائنل کی تقریب تقسیم انعامات کے بعد "نوائے وقت" سے ٹیلی فون پر خصوصی بات چیت کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ سنٹرل کنٹریکٹ ملنے اور سینئر کا سرکٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنا ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔ محمد فہیم نے کہا میرے شہر ساہیوال میں اعلیٰ معیار کے سنوکر ٹیبل نہیں اور نہ ہی ہمیں کوچ کی سہولت میسر ہے۔ یہاں تک خود ہی کھیل کھیل کے یہاں تک پہنچا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرحیم بہت اچھا کھلاڑی ہے تاہم آج قسمت نے میرا ساتھ دیا اور میں قومی جونیئر چیمپئن بننے میں کامیاب ہوا ہوں۔ رنرز اپ رہنے والے راولپنڈی کے عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں مجھے چین اور رومانیہ میں ایشیئن جونیئر انڈر21-اورورلڈ جونیئر سنوکر چیمپئن شپ میں 18کروڑ کی نمائندگی کرنے کا موقع ملے گا۔ فائنل میںکچھ غلطیاں ہوئیں ‘ اگر چہ فائنل ہار گیا مگر فائنل کھیلنے کی وجہ سے قومی ٹیم میں منتخب ہوکر مجھے سبز بلیزر پہننے کا اعزاز حاصل ہو گا یہ میرا خواب تھا جو میرے والدین اور دوستوں کی دعائوں کی وجہ سے پور ا ہو گا۔
سنوکر میں پاکستان کا نام روشن کرینگے: محمد فہیم، عبدالرحیم
Jan 11, 2015