واشنگٹن (اے پی پی)دوسری طرف امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین فوجی تعاون جاری رہے گا اور امریکہ دہشت گردی کے مشترکہ خطرہ سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ امریکی محکمہ دفاع کے پریس سیکرٹری ریئر ایڈمرل جان کربی نے واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیرس میں پیش آنے والے حالیہ واقعہ کے متاثرین کی طرح پاکستان کے عوام بھی دہشت گردی سے متاثر ہیں۔ ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے اور اپنے عوام کے بہترین مفاد میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے، پاکستان میں بعض عسکری گروپوں کی موجودگی کے سوال پر پریس سیکرٹری نے کہا کہ اس معاملہ پر امریکہ اور پاکستان کے حکام کے مابین ملاقاتوں میں گفتگو ہوتی رہتی ہے تاہم ہمیں یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ پیرس کی طرح پاکستان کے عوام بھی دہشت گردی کا شکار ہیں، دہشت گردی کا خطرہ امریکہ اور پاکستان دونوں کا مشترکہ معاملہ ہے، اس سے نمٹنے کیلئے ہم مشترکہ طور پر کام کریں گے اور تعاون میں اضافہ کیلئے اقدامات کریں گے۔ پاکستان اور پاک فوج سے عمومی تعاون جاری رہے گا۔ آن لائن کے مطابق کربی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی موجودگی باعث تشویش ہے اور اس سلسلے میں پاکستانی حکومت سے بات چیت رہتی ہے۔ پاکستانی حکومت پر دبا¶ ڈالنا امریکہ کا کام نہیں۔
امریکہ/ تعاون