واشنگٹن (بی بی سی اردو) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق استغاثہ نے سفارش کی ہے کہ سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر ڈیوڈ پیٹریاس پر اپنی سابقہ ساتھی کو خفیہ معلومات دینے کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے۔ امریکی جریدے کے مطابق یہ بات حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتائی۔ جنرل پیٹریاس نے 2012ءمیں اس وقت استعفیٰ دے دیا تھا جب ان کا پولا بروڈویل کے ساتھ معاشقے کی معلومات منظر عام پر آئیں۔ سی آئی اے کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ عراق اور افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر تھے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی محکمہ انصاف اس بات کی تفتیش کر رہا ہے کہ آیا جنرل پیٹریاس بروڈویل کو سی آئی اے کی ای میل اور دیگر خفیہ معلومات تک رسائی دی یا نہیں۔ جنرل پیٹریاس کے مستعفی ہونے کے بعد بروڈویل کے کمپیوٹر میں سے ایف بی آئی نے خفیہ دستاویزات برآمد کی تھیں۔ مقدمہ چلانے کی سفارش کے بعد اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے فیصلہ کرنا ہے آیا جنرل پیٹریاس پر فرد جرم عائد کی جائے یا نہیں۔ جنرل پیٹریاس اور پولا بروڈویل کا معاشقہ 2011ءمیں اس وقت شروع ہوا جب وہ جنرل کی سوانح عمری پر کام کر رہی تھیں۔
سفارش