لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کا دورہ کیا اور وہاں پر ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی کاکردگی کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے فرانزک سائنس ایجنسی میں اسلحہ کی شناخت کیلئے بنائے گئے ڈیٹا بیس کے خودکارجدید نظام کامعائنہ کیا اور اس نئے نظام کو متعارف کرانے پر ڈی جی فرانزک سائنس ایجنسی اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ نے دیگر اداروں کے افسروں اور اہلکاروں کو تربیت دینے والے سینٹرز کا دورہ کیا اور وہاں تربیت کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے لیب میں بنائے گئے کرائم سین کی تربیت گاہ کا بھی معائنہ کیا۔ بعدازاں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ایشیا کی سب سے بڑی اور جدید فرانزک سائنس لیب بنائی گئی ہے جو کہ بین الاقوامی معیار نہ صرف پورا اترتی ہے بلکہ اس لیب میں بیرون ملک سے بھی کیسوں کے نمونے تصدیق کیلئے بھجوائے گئے ہیں اور ان کیسوں پر ملزمان کو سزا بھی ہوئی ہے جو کہ اس لیب کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں حال ہی میں اسلحہ کی شناخت کے ڈیٹا بیس کیلئے خود کار جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اسلحہ کے ریکارڈ کو ڈیٹا بیس کے جدید نظام میں منتقل کرنے کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے فرانزک سائنس لیب میں فنگر پرنٹس کا ڈیٹا بیس کیلئے خودکار جدید نظام لگانے کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ فرانزک سائنس لیب کے پنجاب کے ہر ڈویڑن میں سیٹلائٹ سینٹرز قائم کیے جائیںگے اوران سیٹلائٹ سینٹرز کے قیام سے جرائم کے شواہد کے نمونے مقامی سطح پر جمع ہوسکیںگے۔ سیٹلائٹ سینٹرز کے قیام کا منصوبہ انصاف کی فراہمی کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے انہوںنے ہدایت کی کہ ڈویڑن کی سطح پرسیٹلائٹ سینٹرز کے قیام کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جائے اورڈویڑن کی سطح پر سیٹلائٹ سینٹرز کے قیام کے کام کو مارچ تک مکمل کیا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ دوسرے مرحلے میں پنجاب کے 36 اضلاع میں سیٹلائٹ سینٹرز بنانے جائیںگے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اضلاع میں فرانزک سائنس لیب کے سیٹلائٹ سینٹرز بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ کریمنل جسٹس کے نظام میں بہتری کیلئے پراسکیوشن اور پولیس کے افسروں و اہلکاروں کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے اورفرانزک سائنس ایجنسی میں تربیت کیلئے علیحدہ لیب بنائی جائے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ میڈیکل لیگل سسٹم کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ بنانے کیلئے اقدامات کرنا ضروری ہے اوراس ضمن میں جلد تمام امور کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کی جائیں۔ فرانزک لیب جرائم کی تفتیش اوران کا سراغ لگانے کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے اورپنجاب فرانزک سائنس ایجنسی جرائم کے شواہد کی تصدیق کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔پنجاب حکومت نے اربوں روپے سے ایشیائ کی سٹیٹ آف دی آرٹ فرانزک لیب بنائی ہے۔ امریکہ،برطانیہ،ناروے اوردیگرممالک سے بھی کیسوں کی تفتیش کیلئے نمونے فرانزک سائنس لیب میں بھجوانا اس ادارے کی شاندار کارکردگی پر بھر پور اعتماد کااظہار ہے۔ ادارے میں انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں جدید تقاضوں کے مطابق کام دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔فرانزک سائنس ایجنسی نے اپنی کارکردگی کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی نام کمایا ہے علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز ترکی کے نیشنل پولیس کے اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے ترکش نیشنل پولیس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میں پاکستان اورترکی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہورہا ہے اور ترکی کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہے۔ترکش نیشنل پولیس پنجاب میں پولیس نظام میںاصلاحات اور پولیس کی تربیت کیلئے بھر پور تعاون کررہی ہے۔ پنجاب حکومت استنبول کی روئٹ پولیس یونٹ(Riot) کی طرز پر مظاہرین سے نمٹنے کیلئے خصوصی پولیس یونٹ بنائے گی اوراس ضمن میں ہم ترکی کی نیشنل پولیس کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پنجاب میںروئٹ پولیس یونٹ کے قیام کیلئے ترکش نیشنل پولیس کے تجربے سے استفادہ کریںگے روئٹ پولیس یونٹ کے افسروں اوراہلکاروں کا علیحدہ یونیفارم ہوگا۔ ڈولفن پولیس فورس کی تربیت کیلئے ترکش نیشنل پولیس کا تعاون لائق تحسین ہیں اورجلد ہی تربیت مکمل ہونے کے بعدڈولفن فورس اپنے فرائض سنبھال لے گی۔ ترکش وفد نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ڈولفن فورس کی تربیت کا کام جلد مکمل ہوجائے گا۔ علاوہ ازیں سپیشل مانیٹرنگ یونٹ لائ اینڈ آرڈر وزیراعلیٰ ہا?س کے زیراہتمام’’وویمن آن وہیلز‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے غیر ملکی سفیروں نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے اقدامات کو سراہا۔آسٹریاکی سفیر ڈاکٹر برگیٹا بلاحہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے قابل قدر اقدامات کر رہے ہیں۔ لاہور میں امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکن رائیڈر نے کہاکہ وویمن آن وہیلز کا سیمینار اور ریلی تاریخی موقع ہے جسے دیکھنے کیلئے خصوصی طور پر آیا ہوں۔ ڈنمارک کی سفیر ہیلی نیلسن نے کہاکہ پاکستان میں خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے پر حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ مزید برآں شہباز شریف نے سینئرصحافی حنیف خالد کے بہنوئی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف