اسلام آباد/ کوئٹہ (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی اور وفاقی وزیر احسن اقبال کے درمیان بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کے دوران گوادر کاشغر اقتصادی راہداری پر تلخ کلامی اور تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا۔اے این پی ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے گوادر اور اقتصادی روٹ سے متعلق کل جماعتی کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال اور عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی کے درمیان اس وقت تلخ کلامی ہوئی جب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ دورہ کوئٹہ کے موقع پر بلوچستان کی تمام اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں کو گوادر کاشغر روٹ کے حوالے سے مطمئن کیا جس پر عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ آپ غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ بلوچستان کی سیاسی جماعتیں آپ کی بریفننگ سے مطمئن نہیں۔ اس دوران احسن اقبال اور اصغر خان اچکزئی کے درمیان تلخ کلامی اور تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا۔ بعدازاں سردار اختر مینگل اور اے این پی کے میاں افتخار حسین نے مداخلت کرتے ہوئے معاملے کو ٹھنڈا کرا دیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان کی قریباً تمام چھوٹی بڑی پارٹیوں نے شرکت کی۔ اے پی سی میں پہلی مرتبہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے بطور سیاسی پارٹی کے سربراہ شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ کانفرنس میں سب سے تاخیر سے پہنچنے والے خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک تھے تاہم انہیں خیبر پی کے کا موقف پیش کرنے کی اجازت دی گئی۔ کانفرنس کے دوران حکومتی وزراءاحسن اقبال اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق مسلسل پوائنٹس نوٹ کرتے رہے۔ حکومت مخالف تقاریر پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق غصے میں آ گئے۔ تین صحافیوں نے بھی اے پی سی سے خطاب کیا۔
جھلکیاں
اے پی سی کی جھلکیاں
Jan 11, 2016