کرپشن کے الزامات‘ معزول مصری صدر حسنی مبارک اور دو بیٹوں کی سزا برقرار

قاہرہ (آن لائن) مصر کی اعلیٰ ترین اپیل عدالت نے معزول صدر حسنی مبارک اور ان کے دو بیٹوں کو کرپشن کی پاداش میں سنائی جانے والی تین سالہ قید کی سزا کو برقرار رکھا ہے۔ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حسنی مبارک کب تک جیل میں رہیں گے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں ان کے دونوں بیٹوں کو رہا کر دیا گیا تھا کیونکہ وہ پہلے ہی سزا کی مدت پوری کر چکے تھے۔ 87 سالہ حسنی مبارک نے 2011ء میں اپنی ایوان اقتدار سے بیدخلی کے بعد گرفتاری کا زیادہ وقت فوجی ہسپتال میں گزارا ہے۔ گزشتہ برس مئی میں ایک مصری عدالت نے انہیں اور ان کے دو بیٹوں کو 16 ملین ڈالر خورد برد کرنے کے الزام میں تین برس قید کی سزا سنائی تھی۔ یہ رقم صدارتی محلات کی مرمت کے لئے مختص تھی۔انہیں سولہ ملین ڈالر کے علاوہ مزید 21 ملین مصری پاؤنڈ بطور جرمانہ ادا کرنے کا بھی پابند بنایا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد حسنی مبارک صدر اور فوجی سربراہ کی پنشن، فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین اور تمام عسکری میڈلز سے محروم ہو جائیں گے ۔جبکہ ان کے بیٹے اور وہ خود کسی بھی حکومتی منصب کے لئے ساری عمر کے لئے نااہل ہو جائیں گے۔ سزا میں سنایا گیا جرمانہ ادا نہ کر سکنے پر انہیں مزید قید کی سزا بھی کاٹنا ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...