اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا ہے کہ مودی سرکار کے پاس مذاکرات کے سوا کوئی راستہ نہیں‘ پاک بھارت جنگ ناممکن ہے۔ بھارت کے ساتھ جو تنازعات برابری کی بنیاد پر حل کئے جائیں گے فوج ان کی حمایت کرے گی۔ ایک انٹرویو میں خورشید محمود قصوری کا کہنا ہے کہ بھارت نے جو کرنا تھا کر لیا اب اسے سمجھ آ گئی ہے کہ طاقت کے بل بوتے پر پاکستان سے کوئی بات نہیں منوا سکتا جو کشمیر ان کا ہے ہم ان سے نہیں لے سکتے جو کشمیر ہمارا وہ ہم سے نہیں چھین سکتے۔ دونوں ملکوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ ماضی میں جھانکنے والے کبھی آگے نہیں بڑھا کرتے۔