دبئی(آن لائن+اے ایف پی)یمن میں حکومت مخالف ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مذاکرات کے لیے وضع کردہ شرائط کی خلاف ورزی اور غیر لچک دار رویے کے باعث رواں ماہ ہونے والے مذاکرات ملتوی ہو گئے ہیں۔یمن کے وزیرخارجہ عبدالملک المخلافی نے عرب خبررساں ادارے کو بتایاکہ حکومت اور باغیوں کے نمائندوں کے درمیان 14 جنوری کو مذاکرات پر اتفاق کیا گیا تھا مگر حوثیوں کی جانب سے بات چیت کے لیے طے کردہ شرائط اور ضوابط کی خلاف ورزی کے نتیجے میں بات چیت ملتوی کر دی گئی ہے۔ ادھر صوہ صوبے میں بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز ود آئوٹ بارڈر نے کے زیراہتمام ہیلتھ سنٹر پر میزائل حملے میں 4افراد ہلاک اور10 زخمی ہوگئے، عدن میں فائرنگ سے انٹیلی جنس کرنل صالح قتل ہوگئے، سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد نے یمن میں کلسٹر بموں کے استعمال کی سختی سے تردید کی ہے ۔عرب میڈیا کے مطابق عسکری اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد الاسیری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمنی دارالحکومت صنعاء پر ہرگز کلسٹر بم نہیں پھینکے گئے۔ ہیومن رائٹس واچ نے گزشتہ ہفتے کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ چھ جنوری کو صنعاء پر کلسٹر بم پھینکے گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف قائم سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں یمن پر کلسٹر بم پھینکنے کی تردید کی گئی ہے۔ایم ایس ایف کے ترجمان نے حملے کی مذمت کرتے کہا یہ حملے پریشان کن ہیں۔
یمن :ایم ایس ایف کے کلینک پر میزائل حملہ 4 افراد ہلاک عملے کے 13 ارکان سمیت 10 زخمی
Jan 11, 2016