لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت اور 1971ءکی جنگ میں متحدہ پاکستان کے لیے جدوجد کرنے والے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے قائدین کو پھانسیاں دی جا رہی ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک امر اور قابل مذمت ہے۔ جماعت اسلامی صوبہ پنجاب حسینہ واجد کے ظالمانہ اقدامات پر اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی اور عالمی دنیا کی بے حسی کے خلاف 11 جنوری سے 20 جنوری 2016ءتک ”عشرہ احتجاج“ منائے گی۔ اس عشرے میں احتجاجی مظاہرے، سیمینار، آل پارٹیز کانفرنسز، بنگلہ دیشی سفارت خانے، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کو بڑے پیمانے پر مذمتی خطوط ارسال کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے پنجاب بھر کے تمام امرائے اضلاع کو سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی حکومت ہندوستان کی شہ پر انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان حسینہ واجد کی جانب سے دی جانے والی سنگ دلانہ سزاﺅں کے خلاف عالمی برادری میں بھرپور انداز میں آواز اٹھائے۔