ایم کیو ایم کو کمزور نہ سمجھا جائے خواجہ اظہار بلدیاتی اختیارات کیلئے عدالت جانے کا اعلان

کراچی (خصوصی رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی اختیارات کیلئے عدالت جانے اور آئندہ انتخابات میں لیاری سمیت سندھ بھر سے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کردیا ہے۔اس بات کا فیصلہ منگل کو ایم کیو ایم پاکستان کی سندھ اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سید سردار احمد نے کی ۔اجلاس میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی ۔اجلاس میں سیاسی ،تنظیمی اور کراچی کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق اجلا س میں ایم کیو ایم لندن کی جانب سے 21جنوری کو کراچی میں ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ اب وقت آگیاہے کہ سندھ کے لوگوں کو اندھے گونگے اور بہرے حکمرانوں سے نجات دلائی جائے ۔انہوںنے کہا کہ ان کی جماعت نے پہلے بھی لیاری سے اپنے امیدوار کھڑے کئے تھی اور آئندہ بھی الیکشن میں کھڑے کرے گی لیکن دیکھنا یہ ہے کہ پیپلزپارٹی اس بار بھی لیاری سے اپنے امیدوار کھڑے کرپائے گی یانہیں۔ اس بار انتخابات میں ہم سے کوئی مفاہمت کی امید نہ کرے ۔انہوںنے کہا کہ مراد علی شاہ اتفاقیہ وزیر اعلیٰ ہیں ۔ یوسی چیئرمینز کو ابھی تک دفاتر نہیں ملے ۔سندھ حکومت مئیر کراچی کی صفائی مہم میں ایک فیصد تعاون کرنے میں بھی سنجیدہ نہیں ہے ۔نوے روز گذرنے کے باوجود سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا کہیں نام ونشان نہیں ہے ۔کراچی کے ترقیاتی فنڈز کے لیے ایک روپیہ جاری نہیں ہوا ۔انہوںنے کہا کہ کراچی دشمنی پر مبنی پالیسی پر عمل کرکے کراچی کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ ایم کیو ایم کو کمزور نہ سمجھا جائے ۔ حکومت سندھ نے کراچی دشمنی ترک نہ کی تو وزیراعلی ہاوس کے سامنے احتجاج کی کال دیں گے ایم کیوایم لیاری سمیت کراچی کی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کرے گی ۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ جلسہ کرنا سب کا حق ہے ۔ہم کراچی کے عوام سے رابطے میں ہیں ۔اس موقع پر فیصل سبزواری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے مسائل کے حل کی بجائے اپنی توجہ آئندہ انتخابات کے لیے جوڑ توڑ پر مرکوز کررکھی ہے ۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات پر قانون شکنی کی ہے ۔وزیراعلی نے مئیر کے اختیارات خود سنبھال رکھے ہیں ۔بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے معاملے پر عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ شہریوں کو اسٹریٹ کریمنل کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ پولیس افسران متعصب کردار ادا کررہے ہیں۔
ایم کیو ایم اعلان

ای پیپر دی نیشن