جموں (نیوز ڈیسک) بھارتی سرحدی فوج بی ایس ایف کی ہائی کمان نے فیس بک ویڈیو میں ناقص کھانوں کی شکایت اور افسروں کی کرپشن کا بھانڈہ پھوڑنے والے فوجی کا تبادلہ کر دیا۔ تیج بہادر یادیو کو کنٹرول لائن پر راجوڑی سیکٹر سے ہٹا کر بطور سزا پونچھ ہیڈکواٹرز میں پلمبرنگ کی ڈیوٹی دی گئی ہے یعنی اب وہ نلکے‘ ٹوٹیاں‘ پائپ کھولے‘ جوڑے گا اور فوجیوں کے بیت الخلائوں میں گھس کر خرابیاں دور کرے گا۔ واضح رہے کہ تیج بہادر یادیو نے گزشتہ روز اپنے فیس بک پیج پر کئی ویڈیوز اپ لوڈ کی تھیں جن میں اس نے دکھایا اور بتایا تھا کہ کنٹرول لائن پر شدید برفباری اور جما دینے والی سردی میں 12‘ 12 گھنٹے ڈیوٹی دینے والے فوجیوں کو ناشتے میں جلا ہوا پراٹھا اور آدھا کپ چائے ملتا ہے۔ دو چھوٹی چپاتیاں‘ دوپہر کو پانی جیسی پتلی اور بغیر مصالحوں والی دال کے ساتھ ملتی رات کو اکثر کھانے کے بغیر بھوکے پیٹ سونا پڑتا ہے۔ تیج بہادر کے مطابق حکومت فوج کو تمام سہولتیں اور راشن دیتی ہے مگر بااثر کرپٹ افسر یہ راشن بازار میں بیچ کر پیسے کھا جاتے ہیں۔ بی ایس ایف ویڈیو کے باعث اٹھنے والے سوالات اور ہونے والی بدنامی کم کرنے کیلئے الزام لگایا کہ ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کرنے والا اہلکار تیج بہادر شرابی اور عادی مجرم ہے۔ وہ کئی بار بغیر اجازت ڈیوٹی سے غیرحاضر رہ چکا ہے۔ بی ایس ایف حکام نے تبادلے سے قبل تیج بہادر پر فیس بک سے وڈیو ہٹانے کیلئے دبائو ڈالا مگر فوجی نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا جس پر اسے پلمبر بنا کر پونچھ بھجوا دیا گیا۔ ادھر بی ایس ایف اہلکار کی حمایت میں اس کی بیوی شرمیلا حکام کو دہائی دیتے ہوئے سامنے آ گئی گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ روٹی مانگ کر اسکے شوہر نے کیا غلط کیا اس نے ملک کا کوئی قانونی نہیں توڑا وہ وطن کیلئے شدید سردی میں خدمات انجام دے رہا ہے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔
افسروں کی کرپشن‘ جلے پراٹھے کھلانے کا بھانڈہ پھوڑنے والے بھارتی فوجی کو پلمبر بنا دیا گیا
Jan 11, 2017