اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نےکی۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کوپا ک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس کی حیثیت حاصل ہے جس میں چیفس آف اسٹاف، تمام پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی دفاعی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں،ترقیاتی منصوبوں،موجودہ سکیورٹی صورت حال اورٹروپس کی ٹریننگ و فلاح سے متعلق مختلف اُمور کا جائزہ لیا گیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔سکیورٹی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹا ف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان کے قیمتی میری ٹائم انفراسٹرکچرکے بحری دفاع اورقومی میری ٹائم اثاثوں کے تحفظ کے سلسلے میں پاکستان نیوی کے عزمِ صمیم کا اظہار کرتے ہوئے نیول چیف نے ہر قسم کے خطرات اور چیلنجزسے نبرد آزما ہوتے ہوئے پاکستان کی میری ٹائم سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے لئے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم اورپختہ عہد کو دہرایا ۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ملکی ساختہ نیول کروز میزائل حربہ کی کامیاب فائرنگ کو سراہا۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ حربہ نیول کروز میزائل کی مقامی سطح پر تیاری پاک بحریہ کے خودانحصاری کی منزل کے حصول کا مظہر ہے اور حربہ میزائل پاکستان نیوی فلیٹ کی حربی صلاحیتوں میں مزید اضافے کا باعث ہو گا۔