ڈونیڈن (اے پی پی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ڈونیڈن ایئر پورٹ پہنچنے پر روایتی ڈانس کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستانی ٹیم جب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کا تیسرا ایک روزہ میچ کھیلنے کیلئے ڈونیڈن ایئر پورٹ پہنچی تو روایت کے مطابق مقامی سکول کے بچوں نے قبائلی طرز کا رقص اور ڈرلز پیش کر کے گرین شرٹس کا استقبال کیا، کھلاڑی بھی بچوں کی پرفارمنس سے خوب محظوظ ہوئے اور انہوں نے خوب داد دی، بعدازاں پرفارم کرنے والے بچوں نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ متواتر دو شکستوں کے بعد سیریز کا تیسرا میچ گرین شرٹس کیلئے انتہائی اہم ہو گیا ہے کیونکہ شکست کی صورت میں اسے سیریز سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا، گرین شرٹس تیسرے میچ کیلئے آج مشقوں کا آغاز کرے گی، ابتدائی دو میچز میں ناکامیوں کے باوجود پاکستانی کھلاڑی پرجوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ تیسرا میچ جیت کر سیریز میں جاندار کم بیک کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ 13 جنوری کو کھیلا جائے گا اور میزبان ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ڈونیڈن پہنچنے پر روایتی رقص کیساتھ استقبال
Jan 11, 2018