کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے کورنگی میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد کے بیٹے سعد گلزار کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی تاہم وہ محفوظ رہے۔ ایس ایس پی کورنگی نعمان صدیقی نے بتایا کہ مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد نے جسٹس گلزار کے صاحبزادے سعد گلزار کی گاڑی پر فائرنگ کی تاہم گارڈز کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی نعمان صدیقی کے مطابق واقعہ غلط فہمی کے باعث پیش آیا، فائرنگ کے تبادلے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور جسٹس گلزار کے صاحبزادے کی گاڑی پر بھی گولی نہیں لگی۔ ایس پی کورنگی کے مطابق سعد گلزار اپنے دفتر جا رہے تھے کہ ویٹا چورنگی پر انہیں موٹر سائیکل پر سوار چھ ملزمان نے روکنے کی کوشش کی۔ روکنے کے دوران ملزمان نے اسلحہ نکالا تاہم اسی وقت سعد گلزار کے ساتھ موجود پولیس اور سکیورٹی گارڈ نے ملزمان پر فائرنگ کردی، مشتبہ حملہ آوروں کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چھ ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے بھی فائرنگ کی، اسی دوران ایک ملزم کنٹینر کی زد میں آ کر زخمی بھی ہوا، تاہم واقعے میں جسٹس گلزار کے بیٹے سعد محفوظ رہے۔ وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے جسٹس گلزار کے بیٹے کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔