لاہور+ قصور (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کمسن زینب جسے درندہ صفت عناصر نے اغوا کے بعد قتل کردیا تھا، کی قصور میں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹائون کے ساتھ شہدائے قصور کا بھی انتقام لیں گے۔ عوام کے جان و مال اور پھول جیسے بچوں بچیوں کے تحفظ میں ناکام حکمرانوں کا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ حکمران فی الفور عہدے چھوڑ دیں، ڈسٹرکٹ پولیس نے انصاف کیلئے آواز اٹھانے والے نہتے طلباء پر ڈائریکٹ فائرنگ کر کے سانحہ ماڈل ٹائون کی تاریخ دہرائی۔ جب تک یہ درندہ صفت، سفاک، قاتل حکمران مسلط رہیں گے پھول جیسے بچے اور بچیاں قتل ہوتی رہیں گی۔ معصوم زینب قرآن پاک پڑھنے جارہی تھی کہ درندوں نے شہید کردیا، یہ انسانیت کی تذلیل ہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے واقعہ کا نوٹس لئے جانے کو سراہا اور کہا کہ قاتل کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں انہیں اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن قصور عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم زینب 4 جنوری کو اغواء ہوئی ،قاتل اعلیٰ اور ان کی ایڈمنسٹریشن سوئی رہی، پنجاب حکومت اس وقت متحرک ہوئی جب واقعہ کا نوٹس میڈیا اور سول سوسائٹی نے لیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قصور ،لاہور، پنجاب اور پورے پاکستا ن کو امن ، سلامتی اور تحفظ دے اور اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے والے سفاک درندہ صفت حکمرانوں سے ملک و قوم کی جان چھڑوائے، درندے اپنے انجام کو پہنچیں۔