چیف جسٹس کا سپریم کورٹ ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر کا نوٹس

Jan 11, 2018

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر کا نوٹس لے لیا ہے۔ ڈی جی آئی بی کو انکوائری کر کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر کے معاملے پر ڈی جی آئی بی کو انکوائری کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ ابتدائی انکوائری میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، مختلف پہلوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھا جائے کہ اس معاملے میں کرپشن کا عنصر تو نہیں۔ ہاؤسنگ سوسائٹی ارکان کی جانب سے شکایات کے انبار لگ گئے ہیں، بہت سا وقت گزرنے کے باوجود پلاٹوں کی الاٹمنٹ نہیں ہوسکی، ابھی تک منصوبے کیلئے زمین حاصل نہ کرنے کی بھی شکایات آئی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اس معاملے کو جلد ازجلد حل کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔

مزیدخبریں