چوبرجی کے قریب میٹروٹرین منصوبے سے متاثرہ مسجد کے لئے اراضی کا انتخاب کر لیا ہے: خواجہ احمد حسان

Jan 11, 2018

لاہور ( خصوصی نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ چوبرجی کے قریب میٹروٹرین منصوبے سے متاثر ہونے والی مسجد کی متبادل جگہ پر تعمیر کے لئے بہاولپور روڈ پر پی ایس او پٹرول پمپ کے عقب میں نجی اراضی کا انتخاب کر لیا گیا ہے ۔ پنجاب یونیورسٹی کی ایک انچ اراضی بھی کسی دوسرے کو نہیں دی جارہی تھی۔ یونیورسٹی انتظامیہ سے زمین کو اپنی ہی ملکیت میں رکھتے ہوئے یہاں نمازیوں کی سہولت کے لئے مسجد تعمیر کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ سابقہ وائس چانسلر نے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بناء پر دیا۔ ابھی تک پٹری بچھانے کے لئے بھی 43 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ منصوبے پر ’’شہباز سپیڈ‘‘ سے کام جاری ہے ۔ میٹرو ٹرین کے لئے بوگیوں کے دو مزید سیٹ گزشتہ روز کراچی سے لاہور روانہ کر دئیے گئے ہیں جو آئندہ ہفتے یہاں پہنچیں گے ، چار مزید ٹرین سیٹ چین سے کراچی پہنچ چکے ہیں جنہیں جلد لاہور بجھوا دیا جائے گا۔اورنج لائن منصوبے کے پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی منصوبے پر عمل در آمد کے دوران شہریوں کی سہولت کا خیال رکھا جائے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 81 فیصد تعمیراتی کا م مکمل ہو چکا ہے ۔

مزیدخبریں