لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپوٹس )سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ کے لیے ڈونیڈن پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کا ایئرپورٹ پر روایتی ڈانس کے ساتھ استقبال کیا گیا۔گرین شرٹس لاونج میں آئے تو ایک مقامی سکول کے بچے، نیوزی لینڈ کی ثقافت کا اہم حصہ سمجھے جانے والے قبائلی طرز کے ’’کاپا ہاکا‘‘ رقص اور ڈرلز پیش کرنے کیلئے موجود تھے۔مہمان کرکٹرز ڈانس اور اس دوران ادا کئے جانے والے بلند الفاظ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مسکراتے نظر آئے، پرفارم کرنے والے بچوں نے بعد ازاں گرین شرٹس کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا، حسن علی نے بینڈ کے ارکان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ دونوں میچز میں مایوسی کی تصویر بننے والے کھلاڑیوں نے اس خوشگوار لمحے کو اپنے کیمرے میں قید کیا۔ ٹیم کے ہمراہ فاسٹ بائولر محمد عامر اور شعیب ملک کی بیگمات بھی موجود ہیں۔ قومی ٹیم آرام کے بعدآج سے پریکٹس کر کے تیسرے ون ڈے کیلئے تیاریوں کا آغاز کرے گی۔واضح رہے کہ سیریز کا تیسرا میچ 13 جنوری کو کھیلا جائیگا، نیوزی لینڈ کو 5 میچز کی سیریز میں 0-2 سے برتری حاصل ہے، سیریز میں شکست سے بچنے کیلیے پاکستان ٹیم کو تیسرے ڈونیڈن میں کھیلے جانے والے میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔پی سی بی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔قومی اسکواڈ کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، احمد شہزاد، عمر امین، بابر اعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، محمد حفیظ، محمد نواز، شاداب خان، فہیم اشرف، عامر یامین، محمد عامر، حسن علی اور رومان رئیس شامل ہیں، احمد شہزاد کو صلاحیتوں کے اظہار کا ایک اور موقع دینے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔عماد وسیم انجری کی وجہ سے اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے، صہیب مقصود بھی فٹنس مسائل کا شکار ہیں، دونوں کو بحالی کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ ون ڈے سکواڈ میں شامل اظہر علی اور امام الحق واپس آجائیں گے جب کہ احمد شہزاد اور عمر امین نیوزی لینڈ میں سکواڈ کو جوائن کریں گے۔