پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اے پی سی ایکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں متفقہ فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف ، معصوم زینب اور قصور پولیس کی بربریت کا شکار شہریوں کے انصاف کیلئے 17 جنوری سے مال روڈ لاہور سے طاقت ور عوامی احتجاج کا آغاز ہوگا۔ قوی امید ہے احتجاج میں اے پی سی میں شریک تمام جماعتوں کی مرکزی قیادت شریک ہو گی۔تمام آپشن کھلے ہیں کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں۔احتجاج کا آخری راؤنڈ فیصلہ کن ہو گا ۔17 جنوری کے بعد کے لائحہ عمل کیلئے 16جنوری کو12بجے دن ایکشن کمیٹی کا اجلاس عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گا۔اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد،جہانگیر ترین،قمر الزمان کائرہ،سینیٹر کامل علی آغا،ڈاکٹر حسن محی الدین ،ڈاکٹر حسین محی الدین ،میاں منظور وٹو،خرم نواز گنڈا پور،عبد العلیم خان،ناصر شیرازی،شعیب صدیقی،چوہدری فیاض وڑائچ و دیگر رہنماء شریک تھے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نا انصافی کرنیوالے اقتدار میں ہیں انصاف نہیں مل سکتا ،قومی قیادت اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ سلطنت اشرافیہ کے اقتدار کے مکمل خاتمے کے بغیر نا انصافی کا خاتمہ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہاکہ ہمارا احتجاج آئین اور جمہوری اقدار کے دائرے میں ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ آئین کے سوا ہم پر کوئی پابندی نہیں،حصول انصاف کیلئے آخری حد تک جا سکتے ہیں۔ دریں اثناء ایکشن کمیٹی کے ممبران سہ پہر 4 بجے مرکزی سیکرٹریٹ میں پہنچے اور 17جنوری کے احتجاج کی توثیق کی گئی .ایکشن کمیٹی نے حکومت کو خبردار کیا کہ ہمارا احتجاج پر امن ہو گا ,پولیس گردی اور غنڈہ گردی کے نتائج بھیانک ہوں گے ۔اجلاس میں معصوم بچی زینب کے قتل کے اذیت ناک واقعہ پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے قصور پولیس اور ایڈمنسٹریشن کی مجرمانہ غفلت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسکا ذمہ دار براہ راست وزیر اعلیٰ پنجاب اور رانا ثناء اللہ کو ٹھہرایا گیا۔اجلاس میں قصور میں پولیس فائرنگ سے شہید ہونیوالے شہریوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔
17جنوری مال روڈ لاہورسے انصاف کیلئے طاقتور عوامی احتجاج شرو ع ہو گا: ڈاکٹر طاہر القادری
Jan 11, 2018 | 22:24