افواج پاکستان کی اطمینان بخش حربی کارکردگی

Jan 11, 2019

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی مشقوں کا معائنہ کیا اور عمدہ تیاری اور حربی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ درست طریقے پر مسلح، عمدہ تربیت یافتہ پیشہ ور فوج جنگ کے خطرہ کو ٹالتی اور امن کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ پاک فوج ایسی ہی عسکری قوت ہے جو دہشت گردی کے خلاف لڑائی سے کندن بن کر نکلی ہے۔دوسری طرف نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحریہ کی اپریشنل سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی اپنی بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دشمن کی کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
پاکستان کو جس موذی دُشمن کا سامنا ہے اسکے وسائل آبادی اور اسلحہ کے ذخائر پاکستان سے کئی گنا زیادہ ہیں۔ وہ جنگی جنون اور اسلحہ جمع کرنے کے خبط میںمبتلا رہتا ہے ۔ اس کے لئے پاکستان کا وجود نا قابل برداشت ہے ۔ وہ اسلحہ کے انبار لگانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں کے جال بھی بنتا رہتا ہے ۔ پاکستان میں فرقہ واریت ، بلوچستان میں علیحدگی پسندی اور دہشتگردی میں بھی بھارت ملوث ہے ۔ اس کا دفاعی بجٹ پاکستان کے مجموعی بجٹ کے برابر ہے ۔ پاکستان بھارت کے مقابلے اپنا دفاع اسلحہ کے معیار ارو افواج کی تربیت بہترین خطوط پر استوار کر کے ہی مضبوط بنا سکتا ہے ۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام بھارت کے مقابلے میں کہیں زیادہ معیار ی اور محفوظ ہے جو پاکستان کے دفاع کی بہت بڑی ڈھال ہے ۔ پاک فوج کی عالمی مقابلوں میں پوزیشن نمایاں رہی ہے ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے جو تجربات حاصل کئے ان سے واقعی کندن بن کر نکلی اور ایسی مہارت اور تجربہ کسی اور فوج کے پاس نہیں ہے ۔ پاک فضائیہ اور پاک نیوی بھی مضبوط دفاع کی حامل ہیں ۔ نیوی کے لئے چین سے چار جنگی بحر ی جہاز خریدے جا رہے ہیں۔ گوادر بندر گاہ کے اپریشنل ہونے سے پاک نیوی کی دفاعی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ نیوی یقینا پاک وطن کے سمندروں کے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ناقابل تسخیر دفاع کے لئے قوم کا اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہونا ضروری ہے۔ قوم جفا کش ،مشاق اور پاکستان سے محبت کے جذبات سے سرشار پاک فوج کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے ۔

مزیدخبریں