سی ڈی ڈبلیوپی: نئی گج ڈیم، پولیو خاتمے‘ پنجاب پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول منصوبے ایکنک کوارسال

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس 46.5ارب کے نئی گج ڈیم، پولیو کے خاتمے کے لیے منصوبہ 986 ملین ڈالرز جبکہ پنجاب پولیس کے لیے ایک مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول مواصلات مرکز کی تعمیر کے لیے 17520.408 ملین روپے کے منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے۔ اجلاس ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن و وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت ہوا ۔اجلاس میں آبی وسائل ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ، صحت سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے۔ سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے 986 ملین ڈالرز کی لاگت کا نظر ثانی شدہ منصوبہ پیش کیا جس کا مقصد ملک میں پولیو کا خاتمہ کو یقینی بنانا ہے وفاقی وزیرخسرو بختیار نے منصوبے پر کہا ملک سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے ، منصوبے کی ہم آہنگی اور عمل درامد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ واضح رہے گزشتہ ہفتے سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں اس منصوبے کی عبوری منظوری دی گئی تھی۔ نظرثانی شدہ تین سالہ منصوبے کی لاگت 347 ملین ڈالر ہے۔ وزارت آبی وسائل نے 46555.29 ملین روپے کی لاگت کا نظر ثانی شدہ منصوبہ نئی گج ڈیم پیش کیا ۔ نئی گج ڈیم منصوبہ سندھ میں آبنوشی و آبپاشی میں معاون ثابت ہو گا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب پولیس کے لیے ایک مربوط کمانڈ ، کنٹرول اور مواصلات کا مرکز بنانے کے لیے 17520.408 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن