لاہور(آئی این پی، صباح نیوز، آن لائن) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ حکومت کی ناہلی کی وجہ سے گیس کا بحرن پیدا ہوا ، جن کا کوئی قصورنہیں تھا ان کوعہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہاہمارے دور میں گیس کا مسئلہ ختم ہوگیا تھا ، ہماری حکومت نے ایل این جی کی صورت میں 35فیصد گیس کابند و بست کیاتھا ، گیس کی موجودہ کمی تحریک انصاف کی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہے ۔گیس بحران کی وجہ سے ملک کو جو نقصان پہنچا ، اس کاذمہ دارکون ہے ؟مسلم لیگ (ن) کے رہنما راناثنا اللہ نے کہا ہے عمران خان آلہ کار ہیں، ان کے پاس کوئی ایجنڈا اور پروگرام نہیں، انہیں جعلی مینڈیٹ کے تحت لایا گیا، حالات ایسے ہی رہے توملک افراتفری کاشکارہوجائیگا، یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے انہیں کون لایا ، انتقامی عمل کی وجہ سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاعمران خان نے کنٹینر پر چڑھ کر ملک میں عدم استحکام پیدا کیا۔ آج عام آدمی بھی سوال کر رہا ہے اس حکومت کو کیوں جتوایا گیا۔ نواز شریف انتقامی احتساب کا سامنا کر رہے ہیں، انہیں ناحق اور نا انصافی سے قید کیا گیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ملکی سیاست کو صراط مستقیم پر چلانے کی وجہ سے نواز شریف جیل میں ہیں۔ نواز شریف سے جیل میں ملاقات کیلئے آمد کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا نواز شریف اس پارٹی کا سربراہ ہے جسے حکومت میں ہونا چاہیے تھا، جن کو ملک پر مسلط کیا گیا اس سے ملک کو شدید نقصان ہوا۔ نواز شریف سر جھکائے گا نہ ہی ان کے کروڑوں ساتھی سر جھکائیں گے، وہ جمہوریت کے سٹیک ہولڈر ہیں۔جو کل کہتا تھا میں کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا وہ آج ہر کسی کے سامنے ہاتھ پھیلا رہا ہے، ہر کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر ملک کی بے توقیری ہوئی ہے۔نواز شریف محسن پاکستان ہیں جنہیں سر نہ جھکانے کی سزا مل رہی ہے اور سزائیں ان ہی لوگوں کے لیے ہوتی ہیں جو سر نہیں جھکاتے۔عمران خان کو سمجھ لینا چاہیے کہ انہیں اپنی کرپشن کا حساب دینا ہوگا، ایک کروڑ نوکریاں کب دیں گے اور پچاس لاکھ گھر کب بنیں گے، ای او بی آئی کے ملزمان تحریک انصاف میں ہیں یا نہیں؟ قوم کو بتائیں، ان کی حرکتیں چور مچائے شور کے مترادف ہیں۔