بغداد(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ایک غیر اعلانیہ دورے پر عراقی دارالحکومت بغداد پہنچ گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بغداد میں انہوں نے عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی اور صدر برہم صالح کے علاوہ پارلیمانی سپیکر محمد الحلبْوسی سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی کی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔ عراقی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے صحافیوں کو کوئی بریفنگ نہ دی۔ عراق میں اپنے قیام کے دوران پومپیو امریکی فوجیوں سے بھی ملنے گئے۔ پومپیو ان دنوں مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک کے آٹھ روزہ دورے پر ہیں، جو انہوں نے منگل کو اردن کے شہر عمان سے شروع کیا تھا۔ عراق کے بعد اْن کے دورے کی اگلی منزل مصری دارالحکومت قاہرہ ہے۔