لاہور (نیوز رپورٹر) سرمیاں محمد شفیع کا شمار تحریک آزادی کے ممتاز رہنماؤں میں ہوتا ہے آپ نے مسلمانان برصغیر کے جداگانہ انتخاب کی ہمیشہ حمایت کی میاں محمد شفیع مسلم لیگ کے تاسیسی اجلاس میں بھی شریک ہوئے اور آپ شروع ہی سے ہندی مسلمانوں کی الگ سیاسی تنظیم کے زبردست حمایتی تھے ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد فاروق بٹ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں تحریک آزادی کے رہنماؤں میاں محمد شفیع کی 87 ویں برسی کے سلسلے میں نئی نسل کو ان کی حیات و خدمات کے متعلق آگاہ کرنے کیلئے منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔ پروگرام کا آغاز حسب معمول تلاوت قرآن حکیم نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانے سے ہوا پروفیسر محمد فاروق بٹ نے کہا کہ ممتاز مسلمان رہنما سر میاں محمد شفیع 1869ء کو لاہور میں پیدا ہوئے مڈل کا امتحان باغبانپورہ کے سکول سے میٹرک مشن ہائی سکول رنگ محل اور ایف سی کالج لاہور سے ایف اے کرکے اعلیٰ تعلیم کے لئے انگلستان چلے گئے لندن سے بار ایٹ لاء کیا میاں شاہ دین اور میاں محمد شفیع چچا زاد بھائی تھے انہوں نے لندن میں انجمن اسلامیہ بنائی جس کے پہلے صدر عبدالرحیم اور نائب صدر میاں شاہ دین تھے 1890 ء میں میاں محمد شفیع اس انجمن کے صدر بنائے گئے 1892ء میں وطن واپس آکر میاں محمد شفیع نے ہوشیار پور میں وکالت کی اور چند سال بعد لاہور آکر چیف کورٹ میں وکالت کرنے لگے۔ وہ محمڈن ایجوکیشن کانفرنس میں سر سید احمد خان کے ہم نوا تھے۔
سرمیاں محمد شفیع تحریک آزادی کے ممتاز رہنما، سر سید کے دست راست تھے: فاروق بٹ
Jan 11, 2019